صحافیوں اور ریجنل اخبارات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صحافیوں کیلئے صحت کارڈ کا حصول آسان اور یقینی بنایا جائے گا، پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان کی آر آئی یو جے کے وفد سے گفتگو

102
ڈاکٹر طارق محمود خان

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان نے کہا ہے کہ علاقائی اخبارات اور صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور صحافیوں کیلئے صحت کارڈ کا حصول آسان اور یقینی بنایا جائے گا۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت آر آئی یو جے کے صدر سید قیصر عباس شاہ کر رہے تھے۔

وفد نے ڈاکٹر طارق محمود خان کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور صحت کارڈ اور ایکریڈیٹیشن کارڈ کا حصول آسان بنانے کی درخواست کی اور اخبارات کے مالکان کی جانب سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی، صحافیوں اور ریجنل اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ریجنل اخبارات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور صحافیوں کے لئے صحت کارڈ کے حصول کا عمل آسان بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنی نگرانی میں جامع پالیسی مرتب کریں گے اور ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ وفد میں ملک رشید، راحیل انور سواتی، ضرار فرید، عارف ملک، عمران مقصود اور مظفر بھٹی بھی شامل تھے۔