صحافیوں کو پلاٹ دے کر احسان نہیں کررہے یہ ان کا حق ہے،مریم نواز شریف

111

لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے جمعرات کے روز صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ملاقات کی ۔اس موقع پروزیراعلی مریم نوازکا صحافی برادری کیلئے تاریخی اقدام، 3200صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کا فیصلہ اور وزارت اطلاعات کو جرنلسٹ کالونی لاہور فیز ٹو کیلئے فوری اقدامات کرنے اور صحافیوں کو پلاٹ کی جلد از جلد فراہمی کیلئے تمام قانونی تقاضے جلد پورے کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے وزیر اطلاعات عظمی بخاری کو جرنلسٹ ہائوسنگ سکیم فیز ٹو کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ صحافی اور حکومت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں،صحافیوں کو پلاٹ دے کر احسان نہیں کررہے یہ انکا حق ہے،تمام صحافیوں کو میرٹ اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پلاٹس دیئے جائیں گے۔

دریں اثنا وزارت اطلاعات پنجاب نے لاہور پریس کلب کے علاہ دیگر لاہور کے صحافیوں سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے اگلے دو تین روز میں باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔