لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ روڈا میں صحافیوں کے لئے مختص پلاٹس پر اسٹے آرڈر کیساتھ کیس بھی ختم ہو گیا ہے۔ اس سکیم کے لئے اہل تمام لوگوں کو پانچ مرلے کے پلاٹس ملیں گے۔ اس سکیم کے تحت 3200 سے زائد صحافیوں کو پلاٹس دیئے جائیں گے۔ سوسائٹی میں ڈی جی پی آر کے ملازمین کا بھی 10 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام صحافیوں کو بہت بہت مبارک ہو ،ہماری محنت رنگ لائی ہے۔یہ معاملہ ایک عرصے سے عدالت میں زیرالتوا تھا آج اسٹے ختم ہوگیا ہے۔ اس معاملے میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور پریس کلب کے ممبرز کی لسٹ ہمارے پاس موجود ہے۔ جن کے نام لسٹ میں نہیں،جو نان ممبر صحافی ہیں اور انکا دس سالہ تجربہ ہے وہ بھی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
جو صحافی 10 سال سے کسی ادارے کے ساتھ منسلک ہیں ان کو صرف اپنی ایک سال کی سیلری سلپس کے ساتھ درخواست جمع کروانی ہوگی۔عظمی بخاری نے کہا کہ کوئی کیمرہ مین ہو یا رپورٹر میرے لیے سب برابر ہیں۔ بغیر کسی امتیاز کے سب کو پانچ مرلے کے پلاٹ ملیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج کچھ اچھا کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔ڈی جی پی آر کا بھی ہم نے 10 فیصد کوٹہ رکھ دیا ہے۔ ڈی جی پی آر کے ملازمین بھی اس میں اپنی درخواستیں دینے کے اہل ہونگے۔