بیروت۔15نومبر (اے پی پی):لبنان نے یارون گائوں میں کوریج کرنے والی صحافیوں کی ٹیم پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کی ٹیم پردانستہ طور پر اور براہ راست بمباری کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔
اسرائیل نے پیر کو 2حملوں میں جنوبی لبنان کے گاؤں یارون میں فیلڈ پیش رفت کو کور کرنے والے متعدد میڈیا آؤٹ لیٹس کے صحافیوں کی ایک ٹیم کو نشانہ بنایا۔الجزیرہ نے کہا کہ بمباری میں اس کے فوٹوگرافر عصام مواسی زخمی ہوئے اور میڈیا نیٹ ورک کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کی ترجمان آندریا ٹینینٹی نے کہا کہ لبنانی وزارت خارجہ نے 14 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کی جانب سے برطانوی خبر رساں ادارے کے لیے کام کرنے والے لبنانی فوٹو جرنلسٹ عصام عبداللہ کے قتل کی شکایت کی۔