کوئٹہ۔ 30 اگست (اے پی پی):جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر عبدالقیوم شنواری اور ڈائریکٹر الیکشن کمیشن وسیم احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے ،
انتخابات کی صحیح رپورٹنگ میڈیا کی اہم ذمہ داری ہے، صحافی رپورٹنگ میں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے حقائق کو مدنظر رکھ کر عوام کو آگاہی دیں ۔ اس موقع وسیم احمد، کلثوم معراج، خرم احمد نے بتایا کہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد اس کے مختلف مراحل کی کوریج کے حوالے سے صحافیوں کو مکمل آگاہی ہونی چاہیے ۔
یہ بات انہوں نےالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ذمہ داران رپورٹنگ برائے پرامن و شفاف الیکشن کے عنوان سے صحافیوں اور یونیورسٹی کے شعبہ جرنلزم کے طلبا و طالبات کے لئے منعقدہ تربیتی سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر کلثوم معراج ، خرم احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک ریلیشن غوث بخش بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تربیتی ورکشاپ کے شرکا اور صحافیوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔