صحافی جمال خاشقجی کے معاملے میں منصفانہ تفتیش بین الاقوامی برادری سے زیادہ سعودی عرب کے لئے اہم ہے، عادل الجبیر

87

ریاض ۔ 20 نومبر (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے معاملے میں منصفانہ تفتیش بین الاقوامی برادری سے زیادہ سعودی عرب کے لئے اہم ہے۔کثیر الاشاعت عرب روزنامہ ”الشرق الاوسط“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریڈ لائن کی حیثیت رکھتے ہیں، ہم انہیں گزند پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔انھوں نے ترکی سے اپیل کی کہ وہ اس قتل سے متعلق مزید شواہد سعودی استغاثہ میں پیش کرے تاکہ مکمل حقائق جاننے میں مدد مل سکے۔ وزیر خارجہ کے بقول ترکی اس امر کا اظہار پہلے ہی کر چکا ہے کہ ولی عھد کا اس قتل سے کوئی تعلق نہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مملکت کی قیادت امریکا کے ساتھ اپنے تاریخی تزویراتی تعلقات اور شراکت کا تحفظ اور انہیں مضبوط بنانے کی خواہش مند ہے۔ انھوں نے اس جانب سے خصوصی طور پر ذکر کیا کہ امریکا نے خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کے جن افراد پر پابندیاں عاید کی ہیں وہ سب شخصی نوعیت کی ہیں، ان کا مملکت کی حکومت اور معیشت سے چنداں کوئی تعلق نہیں ہے۔