لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے مقامی صحافی شاکر اعوان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی دائر درخواست پرفریقین سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر ابتدائی سماعت پیر کو کی۔
درخواست گزار شاکر اعوان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کالج واقعہ کی رپورٹنگ پر ایف آئی اے نے بلاجواز مقدمہ درج کیا، اور خدشہ ہے کہ غیر قانونی گرفتاری کے لئے ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں پھنسایا جا سکتا ہے۔ان کا موقف تھا کہ پولیس کسی خفیہ مقدمے یا انکوائری کی آڑ میں بھی گرفتاری کر سکتی ہے، اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ وہ تمام خفیہ مقدمات کی تفصیلات طلب کرے۔عدالت نے استفسار کیا کہ جو معلومات طلب کی گئی ہیں ان کے لئے پنجاب انفارمیشن کمیشن کا کیا کردار ہے۔
اس پر وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ انفارمیشن کمیشن میں حتمی فیصلہ ہونے میں چھ ماہ لگ جاتے ہیں، اگر عوامی دفاتر میں عوام کے ساتھ بہتر رویہ اپنایا جائے تو عدالتوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی کرپشن اورآئی جی پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔