اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےقومی صحت ڈ اکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت سہولت پروگرام ایک مثالی پروگرام ہے، پورے پاکستان میں اب تک تقریباً سترہ ملین خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی سہولیات میسر ہیں ، غربت کی لکیر سے نیچے بسنے والے افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے، وزیراعظم کا سیاست میں آنے سے پہلے ہیلتھ پر فوکس تھا ۔ان خیالات کاا ظہارانہوں نے اپنی زیرِ صدارت صحت سہولت پروگرام کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ اور سی ای او ہیلتھ کارڈ بھی شریک ہوئے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام ایک مثالی پروگرام ہے جس کا مقصد غربت کی لکیر سے نیچے بسنے والے افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کارپورے ملک تک پھیلا دیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا سیاست میں آنے سے پہلے بھی ہیلتھ پر فوکس تھا۔ انہوں نے کہا کہ کارڈ کے حامل غریب کو کسی بیماری میں مبتلا ہونے پر علاج کیلئے اپنی جیب کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا ۔
بیماریوں کے اخراجات سے غریب مریض غربت میں چلا جاتا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ فاٹا تھر پارکر خیبر پختونخوا آزاد جموں کشمیر میں تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ پورے پاکستان میں اب تک تقریباً سترہ ملین خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی سہولیات میسر ہیں۔