اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفی کمال نے ہدایت کی ہے کہ صحت سہولت پروگرام کے نیشنل ڈیٹا بیس میں یونیورسل میڈیکل ریکارڈ سسٹم قائم کیا جائے،بیماریوں کے رئیل ٹائم ڈیٹا کو یقینی بنانے کےلئے پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں صحت سہولت پروگرام کے مرکزی ڈیٹا سنٹر کے دورہ کےموقع پر کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔اس دوران سی ای او سہولت پروگرام پراجیکٹ ڈائریکٹر سٹیٹ لائف نے وفاقی وزیرکو ڈیٹا سنٹرکے امور اور فنکشنز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اپنے دورے کے دوران وزیر صحت نے دیجیٹل کیمز سنٹرکا دورہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ صحت سہولت پروگرام نے ای کلیم کا نفاذ کر کے پیپرلیس انوائرمنٹ کو فروغ دیا ہے،صحت سہولت پروگرام نے پاکستان کے سب سے بڑے نیشنل ہیلتھ ڈیٹا بیس کو قائم کیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں یونیورسل میڈیکل ریکارڈ موجود نہیں ہے،نیشنل میڈیکل ریکارڈ نہ ہونے سے مریض کی ہسٹری جانچنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صحت سہولت پروگرام کے نیشنل ڈیٹا بیس میں یونیورسل میڈیکل ریکارڈ سسٹم قائم کیا جائے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہر شہری کے شناختی کارڈ نمبر کو ہی میڈیکل ریکارڈ نمبر بنایا جائے گا جس میں پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں کی مکمل صحت صحت کا لائیوڈیٹا موجود ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل میڈیکل ریکارڈ سسٹم سے عوام کو علاج کی سہولت میں بہت آسانی ہو گی اورڈاکٹرز فوری طور پر مریض کے ماضی کے طبی ریکارڈ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کے اعداد و شمار تک تیزی سے رسائی بروقت علاج کی طرف لے جاتی ہے،صحت کا جامع اور مستند ڈیٹا وزارت کو صحت عامہ کی زیادہ موثر پالیسیاں بنانے میں مددگار ثابت ہو گا،بیماریوں کے رئیل ٹائم ڈیٹا کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں ۔