پشاور۔ 12 نومبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صحت مند طرز زندگی اورغذا کو اپنانےسے ذیابیطس جیسے موذی اورمہلک مرض پرقابوپایاجاسکتاہے،ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے، اس بیماری کی تشخیص اوراس کا مناسب انتظام وقت کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنرہائوس پشاورمیں عمرذیابیطس فاؤنڈیشن کی جانب سے ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں عمرفاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس (ر)میاں محمداجمل، سی ای او ڈاکٹرعمروہاب، پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد، ڈاکٹر شیخ فہد فلاح، اراکین بورڈآف ڈائریکٹرز،ماہرین ذیابیطس، سماجی وسیاسی شخصیات اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی،
گورنرنے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے، عمرفاؤنڈیشن صحت مندمعاشرے کی تکمیل اور شوگر کے مکمل خاتمے کے لئے بے لوث مفت علاج معالجہ کی خدمات فراہم کررہاہے جوکہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ شوگر کے خاتمے کیلئے ایک عملی جدوجہد بھی ہے، انہوں نے عمرفاؤنڈیشن کی جانب سے ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی اورغریب مریضوں کومفت علاج معالجے، ادویات اورانسولین کی مفت فراہمی پرفاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شوگر کےعلاج اورآگاہی کیلئے ادارے کی خدمات کوملک بھر میں متعارف کرائیں گے،انہوں نے کہاکہ صحت منداورتوانا جسم کوبرقراررکھنے کیلئے آج جتنی بھی ریسرچ ہورہی ہیں وہ سب کچھ پہلے سے وضو اور پانچ وقت کی نماز میں موجود ہے۔
انہو ں نے کہاکہ ہمیں صحت مند رہنے کیلئے خود کو اور اپنے بچوں کوبسیارخوری سے پرہیزکرنے کے ساتھ معیاری خوراک پر توجہ دینی ہوگی۔ تقریب سےعمرفاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) میاں محمداجمل،پروفیسر ڈاکٹر ابراراحمد اور سی ای او ڈاکٹر عمروہاب نے بھی خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے اغراض ومقاصد پرتفصیلی روشنی ڈالی اورادارے کی کامیابیوں اورذیابیطس کے مرض کی روک تھام کیلئے کی جانیوالی کوششوں سےگورنراوردیگرشرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ذیابیطس کے پھیلاؤ کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں 3 کروڑسے زائد افراد ذیابیطس کے مریض میں مبتلا ہیں،اس موقع پر ذیابیطس کی مرض سے آگاہی کے حوالے سے واک کاانعقاد بھی کیا گیا ۔