24.9 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومقومی خبریںصحت مند لوگ ہی صحت مند قوم کی بنیاد رکھتے ہیں، کھیلوں...

صحت مند لوگ ہی صحت مند قوم کی بنیاد رکھتے ہیں، کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، محمد حنیف عباسی

- Advertisement -

راولپنڈی ۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے اندرونی کھیلوں کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں یاد دلاتا چلوں کہ پاکستان کی پہلی خواتین یونیورسٹی محمد نوازشریف نے بنوائی تھی۔ اور اس یونیورسٹی نے خواتین کی خدمت میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور یہ یونیورسٹی راولپنڈی کی بیٹیوں کی کامیابی کی نشان دہی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح یہ سپورٹس ایونٹ منعقدکیا گیا ہے اس میں یونیورسٹی کی انتظامیہ کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے، جو نہ صرف اساتذہ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے بلکہ طلبہ کے لیے ایک بہتر ماحول مہیا کرتی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ جس طرح ہم RIC میں نیا او پی ڈی بلاک بنا رہے ہیں، ہولی فیملی ہسپتال کو رینوویٹ کر رہے ہیں اسی طرح ہمیں کھیلوں میں بہتری کے لئے کام کرنا ہے ۔

- Advertisement -

حنیف عباسی نے کہا کے وہ آج اس ایونٹ سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ یہ کھیلوں کا ایونٹ آپ سب کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں جس طرح کھیلوں کے بہترین میدان بنائے گئے ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھی ہمیں کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند لوگ ہی صحت مند قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر صاحبہ نے یہ موقع دیا کہ میں اپنی بیٹیوں سے خطاب کر رہا ہوں اور ان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا عہد کرتا ہوں۔

مجھے کہا گیا ہے کہ ہمیں جم کی ضرورت ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کے آپکو سٹیٹ آف دی آرٹ جم بنواکر دونگا۔ ہم جو وعدہ کرتے ہیں پورا کرتے ہیں، ہم جُھوٹ اور فریب کی سیاست نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے عوام کی فلاح کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز اور دیگر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ جب تک ہمارے جوان ہماری سرحدوں اور ہماری قوم کی حفاظت کر رہے ہیں، ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔

آج دنیا کو یہ علم ہو چکا ہے کہ سب سے بڑا دہشت گرد بھارت ہے۔ ہم نے اپنے شہداء کے خون سے ثابت کیا کہ ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ آپکو کارکردگی دیکھنی ہے اور فیصلہ کرنا ہے کہ کون پاکستان کے فائدے میں کام کر رہا ہے۔ ہم نے اپنے مقصد کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے کام کیا ہے اور پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیشہ کام کرتے رہیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593606

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں