اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صحت مند پاکستان کی بنیاد، بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے، پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں، پولیو مہمات کے ذریعے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو عالمی ہفتہ برائے ٹیکہ جات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحت مند پاکستان کی بنیاد، بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں اضافے کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر بچے تک زندگی بچانے والی ویکسینز بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں، جبکہ پولیو مہمات کے ذریعے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان تاحال ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس موجود ہے۔
تاہم انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے اور بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں "بچوں کا محفوظ مستقبل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔