کوئٹہ۔24اگست ( اے پی پی )وفاقی وزیر سرحدی و ریاستی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے گیٹ وے گوادر میں ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے گوادر کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے پاک چین ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایاجارہاہے جبکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے گوادر میں چھ ارب روپے کے لاگت سے 50بستروں کے ہسپتال کو300 بستروں تک اپ گریڈ کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہی‘ وفاقی وزیر سرحدی و ریاستی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 46ارب ڈالرز کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پاکستان کا روشن مستقبل ہے جس سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے تاکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تمام مواقع سے پوری طرح فائدہ اٹھاکر معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور ترقی کے عمل میں عوام کو شراکت دار بنایاجاسکے۔