اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے صحت کی خدمات کو زیادہ قابل رسائی اور موثر بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیلی میڈسن کی سہولت کے ذریعے مریضوں کو معیاری اور مسلسل صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوسی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسلام آباد کے بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) اور دیہی صحت مراکز (آر ایچ سیز) میں ٹیلی میڈیسن سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل اسپتال سمیت دیگر شعبوں کے متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے صحت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا تھا۔اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کو بی ایچ یوز میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت متعارف کرانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے یہ منصوبہ خصوصی طور پر ان مریضوں کے لئے متعارف کروایا جائے گا جنہیں فوری طور پر اسپیشلسٹ ڈاکڑز تک رسائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹیلی میڈیسن سروسز مریضوں کو دور دراز علاقوں سے بہترین ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کی سہولت فراہم کرے گی جس سے معمول کے اوقات کے بعد بھی صحت کی خدمات کی اہم ضرورت پوری ہوسکیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے خصوصی طور پر صحت کی خدمات کو زیادہ قابل رسائی اور موثر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بی ایچ یوز میں ٹیلی میڈیسن سروسز کے آغاز کے لئے اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ٹیلی میڈسن کی سہولت کی زریعے مریضوں کو معیاری اور مسلسل صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر ٹیلی میڈیسن سروسز کو چند بی ایچ یوز میں چھ ماہ کے لئے ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پہ متعارف کروایا جائے گا۔ اسکے بعد ٹیلی میڈیسن سروسز کو تمام بی ایچ یوز میں مرحلہ وار متعارف کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد میں بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر ضرورت زور دیا
اور دیہی صحت مراکز (آر ایچ سیز) اور بنیادی صحت یونٹس (بی ایچ یوز) کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے ایک جامع بزنس ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی آمدنی کو بی ایچ یوز کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صحت کی سہولتوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے خرچ کیا جائے گا۔اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جو اسلام آباد کے عوام کے لئے جدید اور موثر صحت کی خدمات اور بنیادی دیکھ بھال تک رسائی کو باآسانی میسر بنائے گا۔