صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان کا پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے صدر دفتر کا دورہ

62

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جمعہ کو پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور مبصر گروپ کے سربراہ میجر جنرل ہوزے الاڈیو الکین سے تفصیلی ملاقات کی۔ صدر آزادکشمیر نے فوجی مبصر گروپ کے سربراہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں دوسرے طویل ترین فوجی مبصر گروپ کو بہت اہمیت دیتا ہے جو 1951سے لے کر اب تک نہایت پیشہ وارانہ انداز میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق لائن آف کنٹرول پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے مبصر مشن کے سربراہ کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان، حکومت آزادکشمیر اور افواج پاکستان ایک مربوط حکمت عملی کے تحت لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے آزادکشمیر کے شہریوں کو تحفظ اور ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں لائن آف کنٹرول کے پار سے ہونے والی فائرنگ سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے پختہ مورچوں کی تعمیر اور فائرنگ سے زخمی اور شہید ہونے والوں کے لئے معاوضہ جات میں اضافہ بھی شامل ہے۔