اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی جانب سے سکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے۔ بدھ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے واقعہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ سکول جانے والے معصوم بچوں پر حملہ انسانیت سوز اور گھنائونا جرم ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے اور پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگرد تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔