صدرلاہور چیمبر کا گھرکی ٹرسٹ ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کا خیر مقدم، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے

135
صدرلاہور چیمبر کا گھرکی ٹرسٹ ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کا خیر مقدم، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال نے عوام کے لیے صحت کی جدید ترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر نعیم گھرکی، ممبر بورڈ آف ٹرسٹی آصف اقبال، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم اعجاز، ڈپٹی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عادل ،مارکیٹنگ کنسلٹنٹ عاطف خان اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس بھی موجود تھے۔ایم او یو کے مطابق، گھرکی ٹرسٹ ہسپتال لاہور چیمبر کے سٹاف ، ممبران اور ان کے اہل خانہ کو پرائیویٹ مریضوں کے لیے ایگزیکٹو روم چارجز پر 25 فیصد اور طبی علاج کے کیسز کے لیے جنرل مریض پر 30 فیصد رعایت دے گا۔

ہسپتال صرف سٹاف کا کارڈ اور ممبرشپ کارڈ دیکھے گا اور لاہور چیمبر کے اراکین/ سٹاف اور ان کے اہل خانہ کو رعایت دے گا۔دونوں ادارے جدید سائبر نائف ٹیکنالوجی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے تعاون کریں گی جو کینسر اور غیر کینسر والے ٹیومر کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ تاجر برادری اپنی سماجی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر دکھی انسانیت کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کو تیار ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو ہسپتال کی خدمات اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔