اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور گھانا کے دوستانہ تعلقات کو باہمی مفاد کے لیے مستحکم کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کی ضرورت ہے۔ایوان صدرکے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدرمملکت نے جمعرات کو گھانا کےلئے پاکستان کے نامز د سفیر نجیب درانی سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور گھانا کے دوستانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مزید مضبوط کرنے اوردوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروباری مواقع کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔
صدرمملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ گھانا کی کمپنیوں کو پاکستان میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں،پاکستان اور گھانا کے ادارہ جاتی تعلقات مزید مستحکم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ گھانا کے سفارت کاروں اور انجینئروں کی پاکستان میں تربیت خوش آئند ہے ۔ آصف علی زرداری نے سفیر نجيب درانی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔