43.3 C
Islamabad
جمعہ, جون 13, 2025
ہومتازہ ترینعیدالاضحٰی ہمارے ایمان، قربانی، بے لوثی اور بھائی چارے کے جذبے کو...

عیدالاضحٰی ہمارے ایمان، قربانی، بے لوثی اور بھائی چارے کے جذبے کو زندہ کرنے کا دن ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری

- Advertisement -

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور ایوان صدر کے عملے کے ہمراہ یہاں ایوان صدر میں عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی۔ہفتہ کی صبح نماز عید کی ادائیگی کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کیں۔

صدر مملکت کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر بخاری، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ نماز عید کے بعد صدر مملکت لوگوں سے عید ملے اور ان کو عید کی مبارکباد بھی دی۔قبل ازیں عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی ہمارے ایمان، قربانی، بے لوثی اور بھائی چارے کے جذبے کو زندہ کرنے کا دن ہے کیونکہ یہ ہمیں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی بے مثال اطاعت، قربانی، تسلیم و رضا اور قناعت کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں مضمر ہے۔صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ایک کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی اور بے لوثی کے جذبے سے سبق سیکھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اس وقت معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننا ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے اردگرد ہر کسی کی مدد کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، ہم ہمیشہ ضرورت مندوں، بیماروں اور غریبوں کا خیال رکھیں گے۔

آصف علی زرداری نے قوم سے کہا کہ وہ اپنے رویوں میں قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیں اور بحیثیت قوم ایک دوسرے کا ساتھ دینے، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے اور پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ بحیثیت قوم اپنے دلوں کو نفرت اور تعصب سے پاک کرے گی۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں