صدرمملکت آصف علی زرداری کا پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

138
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور کے علاقہ حسن خیل میں قانون نافذ والے اداروں کے مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آپریشن کے دوران ہائی پروفائل دہشت گرد سمیت سماج دشمنوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے جوانوں کے پیچھے کھڑی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔