اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بارودسے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کےقافلے سے ٹکرا دی،صدر مملکت نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 13 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایسا بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا ۔ صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 خوارج کوجہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی اس دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ آصف علی زرداری نے زخمی شہریوں، بچوں اور خاتون کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔