صدرمملکت عارف علوی کی زیرصدارت علماء ومشائخ کی ویڈیوکانفرنس

77
صدر عارف علوی کی نیپال کے نومنتخب صدر رام چندرا پائودل کو دلی مبارکباد

پشاور۔5اپریل (اے پی پی):صدرمملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ماہ رمضان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیراورحفاظتی اقدامات سے متعلق پیر کے روز علماء و مشائخ کی ویڈیو لنک کانفرنس میں خیبر پختونخوا سے تمام مکاتب فکر اور مسالک سے تعلق رکھنے والے جید علماء و مشائخ نے گورنرہاؤس پشاور کے کانفرنس روم سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

کانفرنس میں خیبرپختونخوا کے علماء کرام نے کورونا کی تیسری لہر کو انتہائی سنجیدہ قراردیا اور ماہ رمضان میں مساجد اور امام بارگاہوں میں فرض نماز اور نماز تراویح کی ادائیگی کے لئے حکومت کی جانب سے طے کردہ احتیاطی تدابیر پر من و عن عملدرآمد کرنے اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور ممبر ومحراب سے اس وبا سے بچاؤ کیلئے عوام کو آگہی فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی نبھانے کا یقین دلایا۔

صوبے کے علماء کاکہناتھاکہ کورونا سے متعلق طے شدہ ایس اوپیز کے مطابق ماہ رمضان میں تمام مساجد اورامام بارگاہوں کو کھلا رکھاجائے اور عوام کونمازتراویح کی ادائیگی اور اعتکاف میں بیٹھنے کی بھی اجازت دی جائے۔خیبرپختونخوا کے علماء کرام نے کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننے ،ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے ،میڈیاپرکوروناکی تیسری لہرسے متعلق آگہی کیلئے خصوصی پروگرام نشر کرنے ،کورونابیماری سے انتقال کرنیوالے غریب افراد کیلئے مالی پیکج ،بازاروں ،حجروں اور سیاسی جلسے جلوسوں میں کوروناایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمد کرنے کی تجاویز پیش کیں۔علماء کرام نے کہاکہ ماہ رمضان میں کورونا وبا سے نجات کیلئے خصوصی طور پراستغفار اوراللہ کے حضور دعائیں کی جائیگی۔

ویڈیو لنک کانفرنس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرمحمدادریس خان کے علاوہ علماء کرام میں چیف خطیب مولانا اسماعیل، قاری روح اللہ مدنی، مولانا عبداللہ سلفی، مولانا محمد طیب قریشی، مفتی فضل جمیل رضوی، پیرزادہ جنید امین، مولانا حافظ شاہ روم باچا، علامہ عابد شاکری اور ڈاکٹر شمس الرحمان شمس شامل تھے۔