
اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) صدرمملکت عارف علوی نے ایسے قیدیوں ، جنہوں نے اپنی قید کی مدت مکمل کی ہے لیکن ایک لاکھ روپے سے کم جرمانہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں ، کیلئے تمام گورنروں کوفنڈ کے قیام کی ہدایت کی ہے۔صدرمملکت نے تمام گورنروں س اس ضمن میں ایسے تمام قیدیوں کا ڈیٹا اکھٹا حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس عمل کوموثراندازمیں شروع اورمکمل کیا جاسکے۔صدرمملکت نے یہ بات منگل کو یہاں گورنرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر چاروں صوبائی گورنرز اورگورنرگلگت بلتستان بھی موجود تھے۔صدرممکت نے گورنرز کو جیلوں میں تمام قیدیوں کوپینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کی ذمہ داری اٹھانے اورجیلوں میں قیدیوں اورپولیس اہلکاروں میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے لیبارٹریوں کے قیام کی ہدایت بھی کی ۔ صدر مملکت نے سندھ کی طرزپرپورے ملک میں سیٹزن پولیس لیژان کمیٹیوں کے قیام کی ضرورت پر زوردیا ۔ صدر مملکت نے گورنرز پرزوردیا کہ وہ پانی، بہبودآبادی، صحت ، اورابتدائی، ثانوی اوراعلیٰ تعلیم کے شعبوں سے وابستہ مسائل کے حل میں قائدانہ کردار اداکریں۔صدر نے کہاکہ تمام گورنرز کو اپنے متعلقہ صوبوں میں متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر وزیراعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان پر عمل پیرا ہونے کیلئے اقدامات کرنا چاہئیے۔اجلاس کے دوران گورنرخیبرپختونخوا نے ماحول کے تحفظ کیلئے زیتون کی کاشت کی تجویز پیش کی۔