اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سمیت دنیا کےمختلف حصوں میں تعلیم کے فروغ ،صحت ،ماحولیاتی اور سماجی تحفظ کے شعبے میں خدمات پر دائودی بوہرہ برادری کے داعی و سربراہ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کو نشان پاکستان کا اعزاز دیا ۔
منگل کو ایوان صدر میں اس حوالےسے پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی ، نگران وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر انیق احمد ، گورنر سندھ کامران احمد ٹیسوری اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز تقریب میں شریک تھے ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے دائودی بوہرہ برادری کے داعی و سربراہ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کو نشان پاکستان سے نوازا ۔ تقریب میں شرکا کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے 53 ویں داعی اور سربراہ ہیں۔
ان کے پیروکار تمام براعظموں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد پاکستانی شہریوں کی بھی ہے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین پاکستان کے لیے خصوصی احترام کے ساتھ ساتھ امن، ہم آہنگی اور خیر سگالی کے حامی ہیں۔ انہوں نے دنیا کے مختلف حصوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں کوششیں کیں۔ انہوں نے جامعہ کراچی میں سکول آف لا کی عمارت میں اپنا حصہ ڈالا ، پاکستان میں ایک جدید ترین یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بھی شروع کیا ، صحت کی دیکھ بھال کے متعدد ادارے کام کر رہے ہیں، جو لوگوں کومعیاری علاج معالجہ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ نارتھ ناظم آباد کراچی میں سیفی ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کے ساتھ کارڈیک ونگ زیر تعمیر ہے۔ صرف گزشتہ چند سال میں پاکستان کے مختلف حصوں میں ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے پیروکاروں کی جانب سےایک لاکھ سے زیادہ درخت لگائے گئے۔لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے ’’پروجیکٹ رائز‘‘ کے نام سے ایک عالمی اقدام شروع کیا گیا ہے۔
پروجیکٹ رائز کے ترقی کے پروگرام صحت کی دیکھ بھال، غذائیت، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت، ماحولیاتی ذمہ داری اور تحفظ اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں پر محیط ہیں۔ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے اپنے پیروکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کریں اور ملک میں کاروباری مواقع تلاش کریں۔
انہوں نے اپنے پیروکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی زندگیاں قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں گزاریں۔ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے اندر خوراک کے عدم تحفظ کے مسئلے کو حل کیا ہے جس کے ذریعے ہر گاؤں، قصبے یا شہر میں جہاں وہ رہتے ہیں، فیض الموائد کے زیر اہتمام ایک مشترکہ باورچی خانہ قائم کیا گیا ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں ایف ایم بی کمیونٹی کچن سے روزانہ 7000 سے زیادہ خاندان مستفید ہوتے ہیں۔روحانی رہنمائی اور سماجی خدمات کے میدان میں پاکستان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کو "نشانِ پاکستان” عطا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416841