
اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ نئی حکومت پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے عوام پرمرکوز ایجنڈے کے تحت اپنی خارجہ پالیسی کوآگے بڑھائیگی۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ہاورڈ یونیورسٹی امریکا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صدرمملکت نے کہاکہ وسیع البنیاد سماجی واقتصادی اصلاحات کا مقصد پائیدار بنیادوں پرشرح نمومیں اضافے کو یقینی بناناہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں کیلئے روزگارکے زیادہ مواقع میسرآئیں گے۔صدرمملکت نے خطے کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تاریخی طورپریہ منڈیوں کو باہم ملانے والا خطہ رہاہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )منصوبہ سے یہ علاقہ علاقائی تجارت کیلئے بے مثال مواقع فراہم کررہاہے جو اقتصادی ترقی کیلئے کلیدی عنصر ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک اورمعیشیت کو کھولنے کی پالیسی میں پرعزم ہے، حال ہی میں نئی ویزہ سہولیات کےاجراء کا مقصد ملک میں زیادہ سیاحوں ، تاجروں اورسرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہنا ہے۔صدرنے کہاکہ پاکستان کو تجارت اورسیاحت کیلئے سازگارملک بنانے کے سلسلے میں حکومت اصلاحات کے اطلاق کاعمل جاری رکھے گی۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کا مضبوط داعی ہے، خطے سماجی اوراقتصادی ترقی کیلئے امن ضروری ہے۔ صدر نے یقین دلایا کہ حکومت علاقائی امن اوراستحکام کیلئے اپنی کوششیںجاری رکھے گی۔