صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیراہتمام بین الاقوامی ورکشاپ کے مندوبین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

116

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی بالخصوص قومی سلامتی اوردفاع کو خصوصی ترجیح دیتے ہوئے پالیسی اورحکمت عملی کی ترتیب وتدوین میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیراہتمام قیادت اورسلامتی کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی ورکشاپ کے مندوبین کے وفد سے منگل کویہاں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ صدرمملکت نے یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات بالخصوص مسلح افواج اور سویلین افسران کو تربیت دینے کے اقدام کی تعریف کی۔ صدرمملکت نے کہاکہ لوگوں میں تنقیدی شعور اور ان میں اتحاد اور پہل کرنے کو ذہن نشین کرانے سے اندرونی اوربیرونی چیلنجوں کا احسن طریقے سے مقابلہ کیاجاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ این ڈی یو کے زیراہتمام بین الاقوامی ورکشاپ کے شرکاءکو سلامتی کے بدلتے ہوئے منظرنامے میں پالیسی سازی کی بہتر تدوین میں مددملے گی۔اس کے علاوہ ورکشاپ کے شرکاءکو پاکستان کے اہم سٹریٹجک مقامات کے دورے سے پاکستان کے بارے میں جامع معلومات حاصل ہوں گی۔صدرنے کہاکہ ورکشاپ سے پاکستان کے مثبت تشخص کواجاگرکرنے، مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کے طرزفکر میں بہتری اورعلاقائی تعاون کے فروغ کیلئے عصرحاضر کے مختلف موضوعات کو زیر بحث لانے میں مدد ملے گی۔