صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی ملاقات ، صدر نے تمام عہدیداران کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی

124

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن ( پی آر اے ) کے نو منتخب عہدیداروں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے تمام عہدیداران کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری پارلیمنٹ کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کے معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے میں پی آر اے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صدر مملکت نے پی آر اے کے ممبران کی پارلیمان کی کارروائی کی کوریج کی تعریف کی اور کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیا میں بھی ارتقاءکا عمل جاری ہے، پوری دنیا میں پرنٹ میڈیا پر معاشی پریشر بڑھ رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے جس کی وجہ سے کئی مواقع پر غلط خبروں کو بھی ترویج مل جاتی ہے۔ اس موقع پر پی آر اے کے صدر بہزاد سلیمی نے صدر مملکت کو صحافیوں کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا جس پرصدرمملکت نے ان مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ سیکڑٹری اطلاعات زاہدہ پروین نے حکومت کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے متعلق صدر مملکت کو آگاہ کیا۔