اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی امداد کےلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت منگل کو چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی آزاد کشمیر، اسلام آباد اور مختلف شہروں میں آنے والے حالیہ زلزلہ پر تفصیلی بریفنگ کے دوران دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے صدر مملکت کو اس سانحہ میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو امدادی سرگرمیوں کے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ متاثرین کی امداد کےلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ متاثرہ افراد کی بحالی پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔