
اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید دورانفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے ،مسلم ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمد بڑھانے کی جانب توجہ دینا ہوگی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو انہوں نے ایوان صدر میں کامسٹیک کی جانب سے اوآئی سی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ انسان کے ہاتھوں قدرتی وسائل کے استعمال کی طویل تاریخ ہے،صنعتی انقلابوں سے انسانی تاریخ کے سنہری دور کا آغاز ہوا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسانی سوچ میں تبدیلی کی متقاضی ہے، صدر مملکت نے کہاکہ حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید دورانفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے ، تحقیق کے شعبے میں جدت کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔صدرمملکت نے اس امر پر زور دیا کہ مسلم ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمد بڑھانے کی جانب توجہ دینی ہو گی۔ مسلم ملکوں کا جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے، اس جانب توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید دور کے تقاضے پورے کرنے کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا ہوگا۔ کامسٹیک تعلیم و ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ صدر نے کہا کہ مسلم ملکوں کو بڑھتی آبادی جیسے سنگین مسائل درپیش ہیں جن سے مو¿ثر انداز میں نمٹتے ہوئے ہمیں مل کر مستقبل کو روشن بنانا ہو گا۔قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک طارق بنوری نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔