اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا کے خلاف نیشنل کمانڈ اینڈآپریسن سینٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورنا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، عوام عیدالاضحیٰ کی تیاریوں میں احتیاطی تدابیر کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ ہفتہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے قیام کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں این سی او سی کو مبارکباد دیتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ این سی او سی کی ٹیم نے بہت احسن طریقے سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر کے تجربات و مشاہدات کو مدنظر رکھتے ہوئے وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی نے عمدہ کام کیا ہے، وفاقی اور صوبائی سطح پر اس بحران میں تمام شراکتداروں نے مل کر اس ادارے کو کھڑا کیا اور اسے سپورٹ کیا۔ صدرمملکت نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے کورونا سے موثر طریقے سے نمٹا جارہا ہے، یہی وجہ ہے کہ 20 جون کے بعد سے کورونا متاثرین کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی ہے۔ صدرمملکت نے عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے تیاریوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا کر وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔