اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان یرقان سمیت دوسرے مہلک امراض کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ صدرمملکت نے یہ بات ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرنجوں کا غیر محتاط استعمال بیماریوں کی وجہ بن رہا ہے ، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے عوام میں آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ بیماریوں سے بچائو کے حوالے سے میڈیا کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ اس سلسلے میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کرنے کیلئے میڈیا اہم کردار ادا کرر ہا ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ عوامی آگاہی کے پروگرامز نشر کرنے پر ٹی وی چینلز کو ایوارڈز بھی دیے گئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری سے ترقی کا حصول ممکن ہے۔