اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):صدرمملکت نے 29 ستمبر کو ضلع ٹانک اور 25 ستمبر کو کوئٹہ میں شہید ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور شہداء کو اُن کی خدمات اور بہادری پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر عارف علوی نے 25 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
انہوں نے کیپٹن سکندر سہیل اور سپاہی محمد عرفان کے اہل خانہ کو ٹیلی فون کیا۔ صدر مملکت نے سپاہی ماجد فرید ، سپاہی حسنین رحمت کے اہل ِ خانہ سے بات کی۔ انہوں نے سپاہی ذاکر حسین اور سپاہی محمد سلیم کے اہلِ خانہ سے بھی بات چیت کی اور شہداء کو اُن کی خدمات اور بہادری پر خراج عقیدت کیا۔ صدر عارف علوی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔