اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز اور کامیاب طلباء کو ڈگریاں دیں ، 10ویں کانووکیشن 2023 ء کا انعقاد کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوا ،جامعہ کے کُل 7738 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں ۔ 36 طلبہ کو چانسلر میڈلز جبکہ 232 طلبہ کو وائس چانسلر میڈلز دیئے گئے۔ قائداعظم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز 2345، فیکلٹی آف بائیولاجیکل سائنسز 2218 اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز 3175 طلبہ کو بی ایس، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ تعلیم مدد علی سندھی نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی ہے کہ تعلیم کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے اور میں تحقیق و تعلیم کے وسائل کے لئے حکومتی حمایت کا یقین دلاتا ہوں ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی انتہائی ضروری ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکنیکل تعلیم کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی کو بہتر بنانا، اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو پوری طرح سے بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کی ٹاپ 200 جامعات میں پوزیشن حاصل کرنا ہمارے اہداف میں سے ایک ہے۔ علاوہ ازیں ہمارا مقصد کیمپس سروسز اور انتظامی عمل میں ڈیجیٹل سسٹم کو نافذ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اپنے تعلیمی پروگراموں کا از سر نو جائزہ لے رہی ہے تاکہ موثر شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ملازمت کے تقاضوں سے ہم اہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی شناخت کو علمی معیشت کی یونیورسٹی میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے جامعہ کے 10ویں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر اساتذۂ کرام اور عملے سمیت ڈگریاں حاصل کرنے والے تمام معزز طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔