صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی ملاقات

141
Engineer Amir Muqam

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے لیکن بھارت اپنے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا،لہذا ایسے حالات میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر موثر انداز میں آواز اُٹھائی جائے گی اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر اپنی سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔