صدر آزاد جموں وکشمیر ، وزیر اعظم اوروزیر اطلاعات کے علامہ محمد اقبال کی 139و یں بر سی پر خصو صی پیغا مات

149

مظفر آباد۔ 08 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اوروزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ علامہ اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھے جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ۔ وہ بڑے فلسفی اور عظیم شاعر ہونے کے علاوہ ایک ماہر قانون اور صاحب بصیرت سیاستدان بھی تھے۔ مسلمانوں کے اتحاد کے لیے اقبال کا پیغام ہے کہ ملت اسلامیہ ہر طرح کے سیاسی ، اقتصادی اور معاشرتی سامراج کے مقابلے میں مضبوط اور توانا قوت بن کر ابھرے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر سردار محمدمسعود خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہیں پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے اور انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ کشمیرکی حالت زار پر فارسی اور اردو کلام میں نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ان کے دکھوں کا موثر عندیہ بھی دیا ۔