صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان کااسلام آباد میں آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے ارکان ایڈیٹرز صاحبان او رصحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب

97

اسلام آباد ۔ 18 جون (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر سیاسی انتشار اور افراتفری کے باعث مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج من مانی کرتی ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے درخواست ہے کہ وہ عظیم تر قومی مفاد میں مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے مل کر کام کریں۔ معاشی طور پر مضبوط اور سیاسی طور پر مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری خود کسی بین الاقوامی فورم پر نہیں اٹھا سکتے یہ اختیار صرف پاکستان کے پاس ہے جو ان عالمی اداروں کا رکن اور ان تک مکمل رسائی رکھتا ہے۔ پاکستان کی تمام حکومتوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کام کیا۔ تمام تر مشکلات اور دباﺅ کے باوجود پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے دیرینہ اور اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا ۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان کو تین جنگیں لڑنا پڑی ۔ اپنا ایک بازو کھو دیا۔ اس لیے کوئی کشمیر ی یہ الزام نہیں لگا سکتا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی مرحلے پر پسپائی اختیار کی یا لا پرواہی کا مظاہرہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی طرف سے اسلام آباد میں آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے ارکان ایڈیٹرز صاحبان او رصحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب اور بعد ازاں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔