اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے صدارتی مشیر چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے دو روزہ دورہ کوٹلی کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی جبکہ پروگرام کے مطابق صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری مورخہ20نومبربروز بدھ اپنے دو روزہ دورے پر کوٹلی پہنچیں گے۔
صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنے دورہ کوٹلی کے دوران 20نومبر کو دوپہر 2بجے کیپٹن ہاؤس منڈی پیراں (کوٹلی)کے مقام پر میئر کوٹلی چوہدری محمد تاج کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خطاب سننے کے لئے کوٹلی کے عوام میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں عروج پر ہیں۔
اپنے دورہ کوٹلی کے دوران صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 21نومبر بروز جمعرات کو صبح11بجے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے جبکہ بعد ازاں 12بجے دن یونیورسٹی آف کوٹلی کے پانچویں سالانہ کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنے دورہ کوٹلی کے دوران مختلف عوامی وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔