صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کا بیان

132

اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مغربی پاکستان کے نام نہاد مہاجرین (غیر کشمیری ہندووں) کو ریاستی شناخت دینے اور مستقل طور پر جموں میں آباد کرنے کے گھناو نے منصوبے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر کے حوالے سے قرار دادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری قوم کو پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کھٹپتلی حکومت کے اس مذموم منصوبے پر شدید تشویش ہے ، جس کے ذریعے وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ ایک بیان میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کرنا اور انہیں ووٹ دینے اور دوسرے حقوق سے نوازنے کا مقصد مسلمانوںکی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش ہے ۔ اسے کشمیری قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی ۔