اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترقی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ جنرل زبیر محمود حیات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف آرمی سٹاف کے نام علیحدہ علیحدہ تہنیتی خطوط میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ شاندار پیشہ وارانہ مہارت، سٹرٹیجک امور کا گہرا ادراک اور مختلف اداروں کی سربراہی کے بعد مسلح افواج اور قوم کو آپ کی صورت میں کامیاب سپہ سالار میسر آئے ہیں، امید ہے کہ آپ نئی ذمہ داریوں پر بھی شاندار کامیابیاں حاصل کریں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے جموں و کشمیر کے کاز کی بھرپور حمایت پر مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں یہ شاندار روایت نہ صرف برقرار رہے گی بلکہ نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔