صدر آزاد کشمیرمسعود خان کی برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سے مختصر ملاقات

105

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے مختصر ملاقات کی۔ صدر آزاد کشمیر نے برطانوی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے انسانیت کے خلاف جرائم اور ایک منصوبہ بندی کے تحت جنگی حربے کے طور پر 980 نوجوانوں کی آنکھوں کو نشانہ بنا کر انہیں بصارت سے محروم کرنے، کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات میںشہری آبادیوں کو ہدف بنانے خصوصاً گزشتہ روز وادی نیلم میں ایک مسافر بس پر گولہ باری کے بعد زخمیوں کو ریسکیو کرنے والی ایمبولینس پر اندھا دھند فارئرنگ کے واقعات سے آگاہ کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت دونوں سے کہیں گے کہ وہ کنٹرول لا ئن پر تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طور پر حل کرنے کی راہیں تلاش کی جائیں۔