اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کے سربراہ بپن راوت کے کشمیر کے حوالے سے تازہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا فوجی قبضہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکتا ۔ پیر کو اپنے بیان میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جنرل راوت کا یہ بیان کی مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنائے رکھنے کے لیے بھارتی فو ج ہی کافی ہے خود اس بات کا اعتراف ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فوج کے بغیر بھارت ایک دن بھی اپنا قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے پر امن مظاہرے کرنا اور بھارتی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا کشمیریوں کا جمہوری اور سیاسی حق ہے اور اب ایسا لگتا ہے کہ بھارت فوجی طاقت سے کشمیریوں کے حق اظہار کو بھی چھیننا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کر دیا ہے ۔