اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام ریاست کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے، کشمیری امن پسند لوگ ہیں، بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں نے انہیں مزاحمت پر مجبور کیا ہے، آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974ءمیں مناسب ترامیم اور مالیاتی خسارے کے خاتمہ کےلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہم آزاد کشمیر کو ترقی دیں گے، آزاد کشمیر کو واٹر یوز چارجز اور بجلی کی رائلٹی خبر پختونخوا کے مساوی ملنی چاہئے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کےلئے نئی حکمت عملی کے تحت سفارتکاری، سیاسی اثر و سوخ ، ذرائع ابلاغ اور تارکین وطن کو محترک کرنے سمیت تمام ممکنہ ذرائع استعمال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب اور ان کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے افسران سے کہا کہ عوامی مسائل کو بروقت حل کرنے کےلئے کوشاں رہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کورس کے شرکاءکو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ظلم و ستم، انسانیت کے خلاف جرائم، کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی اور مزاحمتی نوجوانوں کو پیلٹ گن کے چھروں سے نابینا بنانے کی مہم سے آگاہ کیا۔