اسلام آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت ایک قابض ملک ہے جس نے کشمیر کی سرزمین، پانی اور عوام پر جبری قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ وہاں کے قدرتی اور انسانی وسائل پر اپنا حق جتاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہری صلاحیت کے حامل بھارت اور پاکستان کے مابین جنگ روکنے کےلئے آبی سفارت کاری کے موضوع پر سابق وفاقی سیکرٹری برائے پانی و بجلی اشفاق محمود کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب رونمائی انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹیڈیز میں منعقد ہوئی جس کے ذیلی ادارے آئی پی ایس پریس نے اس کتاب کو شائع کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین مسئلہ کشمیر بنیادی تنازعہ ہے کیونکہ کشمیریوں کی واضح اکثریت پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتی ہے جبکہ بھارت کشمیر کو اس کے پانی کے ساتھ ملا کر دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت کشمیر اور اس جڑے تمام مسائل کو دوطرفہ بنیاد پر حل کرنے کی بات کرتا رہا اور کسی تیسرے فریق کی ثالثی یا مداخلت کی مخالفت کرتا رہا ہے جبکہ دوسری طرف اس نے کبھی پاکستان کے ساتھی کشمیر کے آبی ذرائع اور ان کے استعمال کے حوالے سے نہ کبھی درست اعداد و شمار پاکستان کو مہیا کئے اور نہ ہی ان مسائل کو حل کرنے کےلئے خوش دلی کے ساتھ مذاکرات کئے اس کے ساتھ ساتھ بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو بہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر کے دریاﺅں اور آبی ذرائع کو استعمال کرنے کے لئے ڈیم تعمیر کئے ۔