صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا ”آزادی کشمیر کا ابھرتا سورج” کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

75

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مسئلہ کشمیر سے دور رہنا چاہئے، بھارت کو اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شرمندگی کا سامنا ہے، جماعت اسلامی ایک نظریہ کا نام ہے اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ”آزادی کشمیر کا ابھرتا سورج” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ 1947ء سے آج تک ہمارا کشمیر کے حوالہ سے واضح مؤقف ہے اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹنے والے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر لگائی گئی پابندیوں کی مذمت کرتا ہوں، جماعت اسلامی ایک نظریہ کا نام ہے جسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، ان کا پاکستان کے ساتھ نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے، بین الاقوامی برادری اسی لئے مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری سے گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر بے حد مظالم ڈھائے ہیں اور وہ پاکستان کی سفارتی طور پر تنہائی کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ برہان الدین وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں تحریک آزادی کو ایک نئی جہت ملی ہے جسے اب دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ وہ پہلے کشمیریوں کو غیر مسلح کرتا ہے اور پھر انہیں مار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا غیر روایتی حل قبول نہیں کریں گے، مسئلہ کو حل کرنے سے پہلے کشمیریوں کی رضامندی لازم ہے۔ سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ میں اسرائیل کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتا ہوں وہ مسئلہ کشمیر سے دور رہے اسی میں اس کی بھلائی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ آزادی کا سورج طلوع ہو رہا ہے اور بھارت کشمیریوں کی آواز کو مزید نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 70 سال سے قربانیاں دے رہے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اسی طرح فلسطین کے عوام بھی نسل در نسل قربانیاں دے رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب ان کو آزادی کی منزل مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے بھارت اور اسرائیل کو چبھ رہا ہے اور یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ہم سب کو وہمتحد ہو کر ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کے ساتھ ظلم و بربریت پر اقوام متحدہ کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ سیمینار سے سینئر صحافی حامد میر، پروفیسر محمد ابراہیم، عبدالرشید ترابی، پیر صفدرگیلانی اور دیگر نے خطاب کیا۔