اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ علماءو مشائخ کا کردار ہر دور میں اہم رہا ہے، کشمیر کے حوالہ سے علماءرابطہ کونسل قائم کی جائے، بھارت اعلان جنگ کر چکا ہے، ہمیں بیانات سے فیصلوں کی طرف جانا ہو گا، بھارت سن لے کشمیری گھٹنے ٹیکنے والے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آل پارٹیز یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علماءو مشائخ کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے، ملک سے باہر کشمیر کے حوالہ سے مظاہروں میں علماءانتہائی متحرک نظر آ رہے ہیں جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی اور آر ایس ایس اعلان جنگ کر چکے ہیں اور وہ کشمیر سے مسلمانوں کی آبادی کو اکثریت سے اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے اور ہمیں بیانات سے فیصلوں کی طرف جانا ہو گا۔