صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم

74

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ دورہ بھارت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ بھی اُٹھائیں گے۔ پیر کو صدر پاکستان کی طرف سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری حجاز مقدس اور مقامات مقدسہ کی محافظ سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ والہانہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے ایک اہم رکن اور مسلم دنیا میں خصوصی حیثیت رکھنے والے سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر اہل جموں و کشمیر سعود ی عرب کے عوام اور سعودی حکومت کے نہایت شکر گزار ہیں۔