میری لینڈ ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر کو پاکستان کا مضبوط دفاعی حصار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اگر مسئلہ کشمیر زندہ ہے تو اس کا سبب مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام کی قربانیوں کے علاوہ آزادکشمیر کے عوام، سیاسی رہنماﺅں اور کشمیری تارکین وطن کا بھی کردار اور پاکستان کا مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے رہنا ہے۔ امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے کی کوششیں جاری رکھیں کیونکہ پاکستان ہی کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کا واحد ذریعہ ہے اور ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے ۔انہوں نے یہ بات امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں کشمیر ی اور پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ صدر آزادکشمیر نے امریکہ میں کشمیریوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری کمیونٹی ہی تھی جس نے اپنے اپنے حلقوں کے قانون سازوں سے مل کر اور میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مسائل اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو موثر انداز میں اجاگر کر کے دنیا کو کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا۔