اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادخطہ کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کو یقینی بناتے ہوئے آزاد ریاست کی خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کےلئے وہ پُرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر میاں وحیدالدین کے الوداعی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ان کے اعزاز میں ایوان صدر نے صدارتی بلاک کشمیر ہاﺅس اسلام آباد میں انعقاد کیا۔ میاں وحید الدین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر میں بحیثیت چیف سیکرٹری اپنی خدمات سرانجام دینا اُن کےلئے بڑی عزت اور اعزاز کی بات تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت باصلاحیت اور وژن رکھنے والی ہے، سامعین سے اپنے تجربات کے بارے میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت اور بیوروکریسی اپنے لوگوں کی خدمت کرنے کے جذبہ سے سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جرائم کی کم شرح، خواندگی کا اعلیٰ تناسب اس بات کا ثبوت ہے کہ آزادکشمیر میں بہترین گورننس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سروس کے دوران انہیں گلگت بلتستان اور پاکستان کے تمام صوبوں میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن آزاد کشمیر میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے انہیں اطمینان قلب اور سکون سے بہتر ماحول میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے میاں وحید الدین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، قیادت، ایمانداری اور خدمت کے جذبہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جانے والے چیف سیکرٹری بے پناہ تجربہ رکھتے تھے اور انہوں نے آزاد کشمیر بہترین انتظامی سیٹ اپ کے کام کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری باقاعدہ مختلف ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری کے ساتھ تواتر کے ساتھ میٹنگ کرتے تھے اور ٹیلی کانفرنسوں کے ذریعے ڈویژنل اور ذیلی سطح کے انتظامی مشینری سے بھی رابطہ رکھتے تھے ۔ ان کا مو¿قف لے کر ضروری ہدایات جاری کرتے تھے جو کہ کام کرنے کا بہترین طریقہ تھا، تمام انتظامی مشینری ان کے ان اقدامات سے اپنے آپ کو جوابدہ سمجھتی تھی۔ صدر آزاد کشمیر تمام وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ابھی بھی بہت سے چینلجز کا سامنا ہے، تعمیر و ترقی، معاشی خوشحالی، روزگار، انصاف کی فراہمی میں لاءاینڈ آرڈر اور تعلیمی میدان میں ابھی بھی بہت سا سفر کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ پرعزم ہیں کہ وہ جلد از جلد خود انحصاری حاصل کریں اور اس مقصد کےلئے صنعتی ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ٹورازم کے شعبہ کو مضبوط بناتے ہوئے روزگار کے وسائل پیدا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں ترقی بھی ان کا اہم ہدف ہے، ٹورازم کو استحکام دینے کےلئے روڈ انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانا ہو گا اور ہوٹلز اور موٹلز بنانے ہوں گے۔ اس موقع پر آزادکشمیر میں نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری فلائٹ لیفٹینٹ (ر) داﺅد احمد اور نئے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان کو اپنے عہدوں پر چارج سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ جانے والے چیف سیکرٹری کے جانشین حکومت اور بیوروکریسی کے درمیان اپنے تعلقات کو مضبوط بناتے ہوئے ریاست کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کےلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ الوداعی عشائیہ میں آزادکشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر، سابق وفاقی وزیر دفاع جنرل (ر) نعیم خالد لودھی، آزادکشمیر کے ممبران اسمبلی مسز سحرش قمر، مسز نسیمہ وانی، سابق چیف آف ایئر سٹاف سہیل امان، نئے تعینات شدہ چیف سیکرٹری داﺅد احمد، نئے تعینات شدہ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر نعیم خان، صدر آزادکشمیر کے مشیران سردار اعجاز یوسف، زاہد عزیز مغل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فرحت علی میر، محتسب آزادکشمیرظفر حسین مرزا، آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور آزاد کشمیر کے سینئر بیوروکریٹس نے شرکت کی۔