برسلز/اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے یورپین پارلیمنٹ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر بحث کو پارلیمنٹ کے ایجنڈا میں شامل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیاہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17ستمبر کو سٹراسبرگ میں یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس میں تنازعہ کشمیر پر کھلی بحث اس بات کا ثبوت ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر یورپین برادری کو سخت تشویش ہے اور وہ اس مسئلہ کا پرامن سیاسی و سفارتی حل چاہتے ہیں۔ کانفرنس سے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے شریک چیئرپرسن رچرڈ کوربیٹ ، یورپین پارلیمنٹ کی رکن انتھیا، رکن پارلیمنٹ شفیق محمد، جان ہو ہارتھ، رکن پارلیمنٹ ارینا وان ویز، تھریساگریفین، نوشینا مبارک اور راجہ نجابت حسین نے بھی خطاب کیا۔