واشنگٹن/اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں عسکریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کےلئے کوئی لانچنگ پیڈ ہے اور نہ ہی عسکریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر میں لڑنے کےلئے تربیت دی جاتی ہے، بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کی الزام تراشی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور دنیا کی مقبوضہ کشمیر کے واقعات سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق واشنگٹن میں تاریخی یونین لیگ کی عمارت میں فارن پالیسی انسٹیٹیوٹ اور ورلڈ افیئرز کونسل کے زیر اہتمام ”فرنٹ لائن آف نیو کلیئر فلیش پوائنٹ“ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کوئی دہشت گردی نہیں بلکہ ریاست کی مقامی قیادت کی رہنمائی میں بھارت کے ظلم کے ستائے ہوئے لوگوں کی جدوجہد ہے اور اگر وہاں کوئی دہشت گردی ہے تو وہ بھارتی حکومت کی ریاستی دہشت گردی ہے جو نہتے اور بےگناہ لوگوں کے خلاف گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ہے۔